ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوک سبھا انتخابات: بہار میں اب بیگو سرائے ’ہاٹ سیٹ‘، گری راج سنگھ کے سامنے ہیں کنہیا کمار

لوک سبھا انتخابات: بہار میں اب بیگو سرائے ’ہاٹ سیٹ‘، گری راج سنگھ کے سامنے ہیں کنہیا کمار

Sat, 23 Mar 2019 23:47:06    S.O. News Service

پٹنہ / بیگو سرائے ، 23 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) 2019 لوک سبھا انتخابات کے لئے بہار میں این ڈی اے کی جانب سے امیدواروں کے اعلان کے ساتھ ہی بیگو سرائے کی سیٹ اب ہاٹ سیٹ بن گئی ہے۔

بہار میں سب سے زیادہ بحث اب اسی نشست کو لیکر ہے۔اس کی وجہ بھی بالکل صاف ہے۔اس سیٹ پر ایک طرف جہاں بی جے پی کے فائر بریڈ لیڈرگری راج سنگھ میدان میں ہیں، تو وہیں دوسری طرف جے این یو طلبہ یونین کے سابق صدر اور نوجوان لیڈر کنہیا کمار سی پی آئی کی جانب سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔دراصل گری راج سنگھ اپنی پرانی نشست نوادہ ہی لڑنے کے لئے مائل بتائے جا رہے تھے لیکن پارٹی نے بیگو سرائے میں سنگھ کی تصویر اور نسلی مساوات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ان پر داؤ چلا ہے،ایسا اس لئے کہ کنہیا اور گری راج سنگھ دونوں ہی ایک ہی ذات (بھومیہار) سے آتے ہیں۔وہیں جہاں تک سیاسی پروفائل کا سوال ہے، اس معاملے میں دونوں ہی کافی مشہور ہیں۔ایک اسٹوڈنٹ لیڈر کے طور پر گزشتہ چند سالوں میں کنہیا کمار نے جو تصویر بنائی ہے، اس سیٹ پر اپوزیشن اس کو بی جے پی کے خلاف استفادہ کی کوشش کرے گی۔

وہیں بی جے پی اس سیٹ پر نسلی مساوات کے ساتھ ساتھ گری راج سنگھ کی کٹر ہندو نظریاتی لیڈر والی تصویر کو بھی دھیان میں رکھ کر اپنی حکمت عملی آگے بڑھانے میں مصروف ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس وقت اس سیٹ کی سب سے زیادہ بحث ہے۔نوادہ سیٹ چھوڑ کر بی جے پی نے حکمت عملی کے تحت یہاں گری راج سنگھ کو ضرور میدان میں اتارا ہے لیکن یہ چیلنج اتنا آسان نہیں ہے۔دراصل، مہاگٹھ بندھن کی جانب سے اگر اس سیٹ پر کنہیا کمار کو حمایت مل جاتی ہے تو گری راج کی مشکلیں بڑھ سکتی ہیں،ایسا اس لئے بھی کہ یہ سیٹ ان کے لئے نئی ہے۔اپنا ذاتی کام گنانے کے لئے گری راج کے پاس یہاں کچھ نہیں ہے، جی ہاں، گری راج جے این یو میں مبینہ ملک مخالف نعرے بازی سمیت دیگر مسائل کو لے کر کنہیا کمار کو یہاں ضرور گھیر سکتے ہیں۔غداری کے ایک معاملے میں پھنسے کنہیا کمار جے این یو کے دنوں سے ہی بی جے پی کے خلاف مسلسل حملہ آور ہیں۔غداری کے کیس کے بعد انہوں نے کئی بار نریندر مودی حکومت پر شدید حملہ بولا،اگرچہ گزشتہ دنوں سیاست میں مستقبل تلاش کرنے کے سوال پر کنہیا نے کہا تھا کہ ان کے لئے سیاست کیریئر نہیں ہے،حالانکہ انہوں نے ساتھ میں یہ بھی جوڑا ہے کہ ان کے لئے یہ معاشرے کی ذمہ داری ضرور ہے۔


Share: